پنجاب اسمبلی: سرکاری دفاتر میں ختم نبوتؐ سے متعلق احادیث آویزاں کرنے کی قرار داد منظور

Published On 28 September,2021 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے متعلق احادیث سرکاری دفاتر میں آویزاں کرنے کے بارے میں قرار داد منظور کر لی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر عمار یاسر نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی، پنجاب اسمبلی نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے متعلق احادیث سرکاری دفاتر میں آویزاں کرنے کے بارے میں قرار داد منظور کرلی، یہ قرارداد حکومت اور اپوزیشن ارکان نے متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قرار داد کے متن کے مطابق ختم نبوت سے متلعق قرآن پاک کی آیات اور احادیث ترجمے کے ساتھ تمام سرکاری دفاتر میں نمایاں مقام پر آویزاں کی جائیں۔متن اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی احادیث آویزاں کی جائیں

دوسری طرف پنجاب اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر کے معروف حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی خدمات کے اعتراف میں قرار داد منظور کر لی۔ اس دوران رکن اسمبلی ساجد احمد بھٹہ نے سیّد علی گیلانی سے متعلق ایک قرار داد پیش کی ، پنجاب اسمبلی میں بزرگ حریت رہنما سے متعلق قرار داد کو منظور کر لیا گیا۔

قرار داد کے مطابق علی گیلانی نے کشمیریوں کےلئے عظیم جدوجہد کی۔ ایوان ان کی میت کی بے حرمتی پر بھارت کی مذمت کرتا ہے۔ عالمی برادری نوٹس لے اور علی گیلانی کی میت کو ان کی فیملی کی خواہش کے مطابق تدفین کو یقینی بنایا جائے۔

اُدھر پنجاب اسمبلی نے یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا لاہور بل منظور کر لیا جبکہ دی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ایپلائیڈ سائنس خانیوال بل 2021 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

 

Advertisement