میاں شہباز شریف نے بجلی مہنگی کرنے کو ظلم قرار دیدیا

Published On 04 October,2021 04:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجلی مہنگی کرنے کو ظلم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود عوام پر پھر بجلی گرا دی، نیپرا نے بجلی کی قیمت ایک روپیہ 65 پیسے فی یونٹ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی مہنگی کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فی یونٹ بجلی 1 روپے 72 پیسے مہنگی ہونا ظلم ہے۔ عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیتوں میں اضافے کی مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں، موجودہ حکومت مہنگائی، کرپشن، نااہلی کی آسمانی بجلی بن کر قوم پر گری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 سال سے زائد عرصے میں حکمرانوں نے عوام کو صرف مہنگائی در مہنگائی دی ہے، کھانے پینے کی اشیاء تک ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرپشن اور نااہلی کا نہ ختم ہونے والاسلسلہ ہے، موجودہ حکومت کے آنے سے قوم کے لئے صرف برے دن آئے ہیں، حکومت کا ہر فیصلہ قوم کے لئے ایک نیا برا دن لے کر طلوع ہورہا ہے، مہنگائی کا قہر برساتا سورج حکومت کے خاتمے سے ہی غروب ہو گا۔

Advertisement