پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پچھلے الیکشن میں نوجوانوں کو سبزباغ آج اوورسیز پاکستانیوں کو سبزباغ دکھائے جا رہے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں کو جال میں پھنسایا جا رہا ہے ، ہمارا موقف واضح ہے حکومت کو انتخابی اصلاحات کا حق نہیں دیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کبھی وکی لیکس، کبھی پاناما، کبھی پنڈورا لیکس کا عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے، پاناما سکینڈل کدھرگیا؟ اس سکینڈل میں اتنے نام آئے اور صرف نوازشریف کے خلاف کارروائی ہوئی، پنڈورا لیکس میں وزیراعظم عمران خان کی کچن کیبنٹ کے نام آئے، اس حمام میں سب ننگے ہیں۔ جس نے سب سے زیادہ چور، چور کا شور مچایا اس پنڈورے میں وہی زیادہ چورنکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں سیاست میں آوارہ گردی کرتے چالیس سال ہو گئے،امن وامان، خوشحال معیشت سے ملک چلتے ہیں، ہم نے کہا تھا فاٹا کا انضمام نہ کرو، آج ہمارے قبائلی لوگ پریشان ہیں، قبائلیوں سے100ارب کا وعدہ کیا گیا تھا، قبائلیوں کودیا جانے والا پیسہ کس کے پاس جارہا ہے؟ڈالرکی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے، ملک کے ساتھ مسلسل کھلواڑکیا جارہا ہے، دنیا ہمارے ساتھ کاروبار اور مدد دینے کو تیارنہیں، حکومت کامیابیوں کے جھوٹے دعوے کررہی ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے سی پیک کی انویسٹمنٹ کوبھی برباد کردیا۔ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، بازاروں میں حکومتی رٹ ختم ہو گئی جبکہ معیشت تباہ وبرباد کردی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، پچھلے الیکشن میں نوجوانوں کو سبزباغ آج اوورسیز پاکستانیوں کو سبزباغ دکھائے جا رہے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں کو جال میں پھنسایا جا رہا ہے کل کو وہ پیٹیں گے، ہمارا موقف واضح ہے حکومت کو انتخابی اصلاحات کا حق نہیں دیں گے۔ حکومت دھاندلی کے لیے مشین کا استعمال کرنا چاہتی ہے، کہتے ہیں اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کا حق ملنا چاہیے، ہمیں اوورسیزپاکستانیوں کی اہمیت کا اندازہ ہے، اوورسیزپاکستانیوں کی ترسیلات نہ ہونے کے برابرحکومت پراعتبارنہیں۔ جوحکومت خود دھاندلی سے آئی وہ الیکشن میں اصلاحات کررہی ہے؟ ای وی ایم پرالیکشن کمیشن نے 37 اعتراضات کیے، جرمنی نے ای وی ایم پرمستقل پابندی لگادی ہے۔