اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کے ساتھ ادارں کو تباہ کر دیا، ہمارا موقف ہے ہر کوئی اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہے، ملک پر مسلط لوگوں سے قوم کو آزاد کرانا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کے گھر آئے، مولانا کے ہمراہ سینیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے۔ مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے داماد نعمان شاہ نے مولانا کا استقبال کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ایٹمی سائنسدان خان کے لئے دعا مغفرت کی۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ حکمران ملک کوڈبونے کے لیے آئے ہیں، آئین کے تحت اپنا کردارادا کرینگے توکوئی مشکل نہیں ہوگی، ہمیں صورتحال سے عقل مندی سے نکلنا ہوگا۔ لمحہ بہ لمحہ صورتحال بدل رہی ہے۔ ہمیں فکراس بات کی ہے کہ پاکستان کوکوئی نقصان نہ پہنچے، ملک پرمسلط لوگوں سے قوم کوآزاد کرانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کے ساتھ ادارں کو تباہ کر دیا، ہمارا موقف ہے ہر کوئی اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہے، ملک پر مسلط لوگوں سے قوم کو آزاد کرانا چاہتے ہیں، ڈاکٹر اے کیو خان خوش ہیں جو اپنا مشن پورا کر کے گئے