انٹر نتائج: پنجاب گروپ آف کالجز پھر بازی لے گیا،84طلبہ کے 1100نمبرز

Published On 14 October,2021 05:52 pm

لاہور(دنیا نیوز)پنجاب گروپ آف کالجز نے شاندار روایت برقرا رکھی اور پنجاب کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ایک بار پھر بازی لے گیا جس کے مطابق 84 طلبہ نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کئے جبکہ پوزیشن ہولڈر طلبہ نے کریڈٹ پنجاب گروپ آف کالجز کو دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے پنجاب گروپ آف کالجز کی ٹاپ پوزیشن لینے کی روایت برقرار رہی ،طلبہ نے پنجاب کے انٹرمیڈیٹ نتائج میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے اور84طلبہ نے 100فیصد نمبر حاصل کرلئے،لاہور بورڈ میں پنجاب گروپ کے 27 طلبہ نے گیارہ سو میں سے گیارہ سو نمبر لئے جبکہ گوجرنوالہ بورڈ میں 8طلبہ نے یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

فیصل آباد تعلیمی بورڈ میں پی جی سی کے 14طلبہ نے سو فیصد نمبر لے کر والدین کا نام روشن کیا، ملتان بورڈ میں بھی پنجاب گروپ آف کالجز سب سے آگے رہااور 21 طلبہ نے پورے نمبر لئے جبکہ ساہیوال بورڈ میں بھی پی جی سی کے 5طلبہ نےگیارہ سو میں سے گیارہ سو نمبر حاصل کئے ۔

بہاولپور بورڈ میں پنجاب کالجز کے 7طلبہ نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے سو فیصد نمبر لئے ، راولپنڈی اور سرگودھا بورڈ میں پنجاب گروپ آف کالجز کے ایک ایک طالب علم نے 100فیصد نمبر حاصل کئے۔

پنجاب گروپ آف کالجز نے آزادکشمیر کے امتحانات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی،میرپور تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پوزیشنز کا اعلان کیا تو پنجاب گروپ آف کالجز کی اریج یاسین نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی اورگیارہ سو میں سے ایک ہزار اٹھانوے نمبر لئے جبکہ طلبہ نے کامیابی کا کریڈٹ پنجاب گروپ آف کالجز کو دیا۔

آزادکشمیر انٹرمیڈیٹ تعلیمی بورڈ میں ماڈل سائنس کالج مظفرآباد کی پارسہ ذوالفقاراورھاشم بن ولید نے 1100 میں سے 1100نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

کشمیر ماڈل کالج میرپور کے حیدر اقبال نے بھی 1100نمبر سے بورڈ ٹاپ کیا جبکہ 12طلبہ و طالبات نے 1098نمبر حاصل کرکےدوسری پوزیشن حاصل کی، 26 طلبہ و طالبات نے 1096نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی ۔

کامیاب امیدواران کو حکومتی پروموشن پالیسی کے تحت پاس قرار دیاگیا جبکہ پنجاب کالج کی اریج یٰسین نے 1098 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بہاولپور بورڈ

پنجاب گروپ آف کالجز بہاولپور نے اہم اعزاز حاصل کرلیا جس کے مطابق پہلی تین پوزیشن پر 8 امیدوار کامیاب ہوگئے ۔پنجاب کالج کی عائشہ عباس 1100 نمبر لیکر پہلی پوزیشن پررہیں جبکہ امہ زینب،امیزہ فاطمہ،ایمن،اریبہ نور اور سمیہ احمد 1098نمبر لیکر دوسری پوزیشن پر رہیں۔

دعا صغیر اور عاطیقہ رسول 1096 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

فیصل آباد بورڈ

دوسری جانب تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 11 ہزار 547 امیدواروں نے شرکت کی اور ایک لاکھ 9 ہزار 970 کامیاب ہوئے۔

امتحانات میں کامیابی کا تناسب 98 اعشاریہ 59 فیصد رہا،امیدوار تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ پر رزلٹ معلوم کرسکیں گے،امیدوار 800240 پر اپنا رول نمبر ایس ایم ایس کرکے بھی رزلٹ معلوم کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال کورونا کی وجہ سے پوزیشنز کا اعلان نہیں کیا گیا اور کورونا کے باعث تمام بچوں کو پاس کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ صرف امتحانات میں غیر حاضر طلبہ کو ہی فیل کیا گیا ہے۔

سرگودھا بورڈ

سرگودھا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان میں 57418 امیدوارں نے حصہ لیا اور حکومتی پالیسی کے تحت 55974پاس ہوئے ہیں جبکہ نتیجے کا تناسب 97.49 فیصد رہا۔

چیئر پرسن ڈاکٹر کوثر رئیس نے ایک سادہ تقریب میں نتیجے کا با ضابطہ اعلان کیا،تقریب میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس ، کنٹرولز امتحان مہر محمد حسین لک بھی موجود تھے۔

گوجرانوالہ بورڈ

گوجرانوالہ میں انٹرمیڈیٹ امتحان میں مجموعی طور پر 150353امیدواروں نے حصہ لیا تھا، 148560امیدوار کامیاب قرار پائے، شرح تناسب 98.81فیصد رہی۔

چئیرمین بورڈ گوجرانوالہ نے کہا کہ کورونا پالیسی کے تحت تمام امیدوار کامیاب قرار پائے، صرف غیر حاضر امیدوار فیل ہوئے ہیں۔

ملتان بورڈ

تعلیمی بورڈ ملتان نے انٹر میڈیٹ کے پارٹ سیکنڈ کمبائنڈ بارہویں جماعت کے نتیجہ کا اعلان کیا جس کے مطابق پاس ہونے والے طلباء و طالبات کی کامیابی کا تناسب 98فیصد رہا،83 ہزار 22 طلباء نے داخلہ بھجوایاتھا جبکہ 81 ہزار 621 طلباء و طالبات نے شرکت کی اور80 ہزار 507 طلباء و طالبات کامیاب قرار پائے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ کے مطابق 48 بچے ایسے ہیں جن کے نمبرز 11 سو ہیں، جو طلباء امتحان میں غیر حاضر رہے انہیں فیل کیا گیا ہے۔

لاہور بورڈ

چیئرمین لاہور بورڈ ڈاکٹر مرزا حبیب کے مطابق ایک لاکھ 90 ہزارطلبہ کےامتحانات لیےگئے، امتحانات کےدوران کوروناایس اوپیزکاخاص خیال رکھاگیا،غیرحاضرطلبہ کاسپیشل امتحان 27 نومبر کو لیاجائے گا، جوبچےپاسنگ نمبروں سےمطمئن نہیں وہ سپیشل امتحان دے سکتے ہیں جبکہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کےنتائج ویب سائٹ پرجاری کر دیئے گئےہیں۔

ڈاکٹر مرزا حبیب کا کہنا تھا کہ 98.71 فیصدبچے کامیاب رہے، گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق پوزیشنز شیئر نہیں کررہے ،40 فیصد سلیبس سے امتحان لیا جبکہ بچوں نے زیادہ نمبر لیے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 فیصد فیل بچوں کو سپیشل امتحان کی اجازت دی جائے گی ، طلبہ اپنارولنمبر 80029 پرایس ایم ایس کرکےنتائج جان سکتے ہیں جبکہ نمبرزپر جن طلبہ کو مسئلہ ہے وہ 15 روزمیں درخواست دے سکتے ہیں۔