وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے: شیخ رشید

Published On 14 October,2021 06:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نئی ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ سب چیزیں طے ہوگئی ہیں، ہماری اور فوج کی بہت اچھی انڈر سٹینڈنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی تعیناتی کے لیے وزیراعظم نے انٹرویو کی کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے۔ وزیراعظم نے بتایا ہے کہ سب چیزیں باہمی طور پر طے ہوگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور فوج میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں، وزیراعظم عمران خان

اس سے قبل ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر کوئی کشیدگی نہیں، ایک پروسیجرل معاملہ تھا جس پر قیاس آرائیاں زیادہ ہو گئیں، میرے اور فوجی قیادت کے درمیان جو تعلقات ہیں، اس سے بہترکوئی تعلقات نہیں ہو سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تکنیکی خامی تھی جو دور ہوگئی، یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، حکومت چاہتی تھی افغان صورتحال کے تناظر ڈی جی آئی ایس آئی کام جاری رکھتے، آرمی چیف نے بتایا کہ آرمی ایکٹ میں اس بات کی مزید گنجائش نہیں ہے، ہمیں اپنے منشور پر عملدرآمد کرنے پر توجہ دینی ہے۔

Advertisement