کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائی مستونگ کے علاقے روشی میں سکیورٹی اداروں کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، آپریشن کے دوران کیمپ میں موجود دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 9 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق کیمپ دہشتگردی کی حالیہ مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوا، کالعدم تنظیم کے زیر استعمال کیمپ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، برآمد شدہ اسلحہ میں 9 کلاشنکوف، بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر اور آر پی جی راکٹ بمعہ دو گولے شامل ہیں۔