اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکو مت کا سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا اقدام، وزیر اعظم نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے اور 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے۔ عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کر دیں، جس کے مطابق سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں، مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کیا جائے۔
وفاقی ادارے سہولت کی فراہمی سے متعلق آگاہی کے لیے وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانی اور اطلاعات کو معلومات فراہم کریں۔ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔ تمام ڈویژنز 21 روز میں کارروائی مکمل کر کے رپورٹ دیں۔ اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خدمات کی فراہمی اور دیگرامور سے متعلق آگاہی میں معاونت میسر ہوگی۔ وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانی اور اطلاعات و نشریات اپنے طور پر بھی سہولت کی آگاہی دیں۔