'سوشل میڈیا پر واقعات جس تواتر سے آ رہے ہیں لگتا ہے سندھ میں قانون کی اہمیت نہیں'

Published On 05 November,2021 11:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اندرون سندھ سے سوشل میڈیا پر واقعات جس تواتر سے آ رہے ہیں لگتا ہے سندھ میں قانون کی کوئی اہمیت نہیں رہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل ہو، طاقتور لوگوں کے شکار کی ویڈیو اور اب لاچار عورت کا قتل، بلاول صاحب یہ کیا ہو رہا ہے ؟ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔

دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس میں عدالت نے ملزم جام اویس کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کہا کہ مقتول ناظم جوکھیو کے ورثا نے ایم پی اے جام اویس کو نامزد کیا ہے، ملزم جام اویس نے گذشتہ روز رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کی۔ ملزم سے تفتیش اور ساتھیوں سے متعلق معلومات کے لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

جس پر عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
 

Advertisement