لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی فضاؤں میں آلودگی کے سائے مزید گہرے ہوگئے۔ 468 کی سطح تک پہنچ جانے والے اے کیو آئی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ آنے والے دنوں میں صوررت حال کے مزید سنگین ہونے کے خدشات بھی موجود ہیں۔
سموگ نے پورے شہر کو جکڑ لیا۔ اوسط اے کیو آئی 468 پر جا پہنچا۔ لاہور ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی اور کینال روڈ پر سب سے زیادہ اے کیو آئی 784 ریکارڈ کیا گیا جبکہ ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 746 کی خطرناک سطح پر پہنچ گیا۔
ڈیفنس، ایڈن کاٹیجز کے علاقوں میں 726، ظفر علی روڈ پر 711 ہوگیا۔ گلبرگ کے مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 681 کی سطح پر جا پہنچا۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 544 کی حد کو چھو گیا۔
ٹاؤن شپ میں 529، انار کلی میں 498، کینٹ میں 490، فتح گڑھ میں 475، بحریہ آرچرڈ میں 482 اور جوہر ٹاؤن میں 447 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی آلودگی کے تناسب میں اضافہ دیکھا گیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ گھروں میں رہیں، سموگ سے بچیں، غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔