پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس :متحدہ اپوزیشن کے اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ

Published On 15 November,2021 05:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کا مسلسل پانچواں اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے سینئر رہنماﺅں نے شرکت کی ، مشترکہ اجلاس اور قانون سازی سے متعلق امور پر غور کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ مشترکہ اجلاس بلانے کی باتیں اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی نیت کالی ہے۔

اپوزیشن سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے پر متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اورحکومتی سیاہ قانون سازی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے کہا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو خط بھی لکھ دیا لیکن حکومت کی طرف سے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ ہورہا ہے، مشاورت کا زبانی جمع خرچ کرنے کے علاوہ حکومت کی طرف سے عملاًاب تک کچھ نہیں ہوا، اپوزیشن کے مسلسل اجلاس ہورہے ہیں، چھٹی کے دن بھی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جبکہ قومی مفاد میں اپوزیشن کا رویہ مثبت ،حکومت کا بدنیتی پر مبنی اورمنفی ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے مزید کہا کہ حکومتی منفی رویہ ملک کو انارکی ، افراتفری اور انتشار کی طرف لیجارہا ہے، قومی سلامتی ، انتخابی اصلاحات، افغانستان ، جموں وکشمیر، فیٹف ہر معاملے پر اپوزیشن نے ذمہ داری ، سنجیدگی اور قومی مفاد میں کردار نبھایا۔

اجلاس میں قرار دیا گیا کہ حکومتی ڈرامہ بازیاں بتارہی ہیں کہ عمران نیازی حکومت عوامی وقومی امور میں سنجیدہ اور مخلص نہیں ،اپوزیشن کے علاوہ اب حکومتی ارکان اور اتحادی بھی عمران نیازی کی ضد، ہٹ دھرمی اور انا پرستی پر نالاں ہیں، پاکستان کا پورا نظام ایک شخص کی ضد اورانا کی بھینٹ چڑھا یا جارہا ہے جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے جبکہ اپوزیشن ہی نہیں، حکومتی اراکین اوراتحادیوں کا بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد ہے۔
 

Advertisement