امن کے دور میں حقیقی تربیت جارحیت سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے:آرمی چیف

Published On 17 November,2021 10:43 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کے دور میں حقیقی تربیت جارحیت سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں میں کورکی سطح کی تربیتی مشقوں اور وار گیمز کے آپریشنل پہلوؤں کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے سپہ سالار کا استقبال کیا،اس موقع پر مشقوں میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور دفاعی و جارحانہ ٹاسک کو مکمل کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے جوانوں کی تیاریوں ، پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں میں جدید ویپن سسٹم، وی ٹی فور ٹینک اور لڑاکا طیاروں کی سپورٹ شامل رہی جبکہ مشقوں کا مقصد آرمی وار گیمز کے آپریشنل تصورات کو جانچنا اورفارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، مختلف دفاعی و جارحانہ ٹاسک کو پورا کرنا تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ امن کے دور میں حقیقی تربیت جارحیت سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے جبکہ آپریشنل ڈرلز کی پریکٹس خطرات کا جواب دینے کی صلاحیت بڑھاتی ہے۔
 

Advertisement