گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا، ضلع باغ میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند

Published On 14 December,2021 03:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا، ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور مشک پوری کی پہاڑی چوٹیاں برف سے ڈھک گئیں۔ بٹگرام، بالاکوٹ اور مری میں بھی برفباری، آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بارش اور برفباری ،لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

گلیات میں کہیں بارش تو کہیں برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ، کئی علاقے سیاحوں کے لئے بند کر دیئے گئے۔ ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ، سڑکیں سفید ہوگئیں۔ مری میں سیاحوں نےے ڈیرے ڈال لئے۔ ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور مشک پوری کی پہاڑی چوٹیوں پر بھی برفباری ہوئی۔

بٹگرام کے میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ، سرد ہوائیں چلنے لگیں۔آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے بیشتر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

باغ کے بالائی مقامات ،درہ حاجی پیر، نیزہ گلی ، سدھن گلی، گنگاچوٹی اور دیگر مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ناران ،کاغان میں بھی بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، ضلعی انتظامیہ نے ناران شہر میں سیاحوں کی آمدو رفت پر مئی تک پابندی عائد کر دی۔ ناران میں تمام ہوٹلز اور مارکیٹیں مکمل بند کر دی گئیں۔ ناران بابوسر ٹاپ کے سفر پر بھی پابندی عائد، سیاح شوگراں اور کاغان تک محدود ہو گئے۔ انتظامیہ نے ناران میں بجلی، پانی ، ہسپتال اور موبائل سروس بند کر دی ،علاقہ مکین دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے۔