افغانستان سے متعلق او آئی سی اجلاس بہت اہمیت کاحامل ہے:آرمی چیف

Published On 19 December,2021 08:42 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس افغانستان کو بڑھتے سلامتی اور انسانی بحران سے بچانے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے غیر معمولی اجلاس بلانے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس افغانستان کو بڑھتے ہوئے سلامتی اور انسانی بحران سے بچانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان سعودی عرب کیساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، مملکت کا اسلامی دنیا میں اہم مقام ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔

ملاقات کے دوران سعودی وفد نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
 

Advertisement