کراچی میں گرین لائن بس کے پہلے روز گورنر سندھ کا بھی ٹکٹ خرید کر سفر

Published On 25 December,2021 05:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرین لائن بس کے آغاز پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی پہلے روز سفر سے لطف اندوز ہوئے۔

گرین لائن بس سروس کے آغاز کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی بس سٹیشن سے حیدری بس سٹیشن تک کا بس میں سفر کیا اور اس کے لیے خود ٹکٹ خریدا۔

اس موقع پر گرین لائن بس اسٹیشن میں موجود مسافروں نے گورنر سندھ کے ہمراہ تصاویر بھی لیں۔

عمران اسماعیل نے گرین لائن بس اور سٹیشن میں موجود سہولیات کا بغور جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا جبکہ مسافروں سے سفری سہولیات سے متعلق بات چیت بھی کی۔

گرین لائن میں سفر کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا آج کا دن بہت خاص ہے کیوں کہ آج کرسمس، قائد کا یوم پیدائش اور گرین لائن منصوبے کی تکمیل کا دن ہے۔ امید ہے جلد دیگر لائنز کا بھی آغاز ہوگا تاکہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع ہو سکے، اس منصوبے کو تکمیل تک پہنچائیں گے، 14 سال سے کراچی کی عوام کو ایک بس سروس بھی فراہم نہیں کی گئی، آج الحمداللہ عوام اس سروس سے بہت خوش ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں۔
 

Advertisement