کراچی: (دنیا نیوز) کراچی لانڈھی منزل پمپ کے قریب لوٹ مار کی واردات ہوئی، جس کے دوران ڈاکوؤں اور سکیورٹی گارڈ میں فائرنگ کی زد میں آکر 3 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
ننھی بچی کو بڑا بھائی موٹرسائیکل پر لے جا رہا تھا کہ بچی کے خوف کی وجہ سے رک گیا۔ اسی دوران ننھی حرمین گولی کا نشانہ بن گئی۔ بھائی شہباز نے حکام سے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو منزل پمپ کے قریب منی مارٹ پر لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے، اس دوران گارڈز نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی۔ ملزمان کی جانب سے بھی مارٹ پر سیدھے فائر کیے گئے۔ اسی دوران 3 سالہ حرمین کو گولی جالگی، گارڈز کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جسے شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔