کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا گلزار کالونی میں ڈکیتی کی واردات میں چار مسلح ملزمان لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے، رینجرز نے کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں موبائل شاپ میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، پولیس کے مطابق چار ملزمان ماشاءاللہ کمیونیکیشن نامی دکان پر داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر تین لاکھ روپے کی رقم اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، فوٹج میں دیکھا جاسکتا ہے شلوار قمیض پہنے مسلح ملزمان نے پہلے اسلحہ نکالاجس کے بعد دو ملزمان کود کر دکان کے اندر داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کردی۔
ملزمان کیش کاونٹر سمیت پوری دکان کی تلاشی لیتے رہے، انہوں نے چار قیمتی موبائل فون اور ساڑھے تین لاکھ روپے کیش جمع کیا واردات کے بعد ملزمان آسانی سے فرار ہوگئے۔
دوسری جانب رینجرز نے گلستان جوہر باگڑی پاڑہ میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں منشیات فروش شامل ہیں جو کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے تھے۔