اسلام آباد:(دنیا نیوز)قومی کرکٹریاسر شاہ کے قریبی دوست کے خلاف جنسی زیادتی کے الزامات پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپنر یاسر شاہ کے دوست کے خلاف عصمت دری اور دیگر دفعات کے تحت تھانہ شالیمار میں درج ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کی خالہ کی جانب سے درج کرائی گئی ہے جبکہ ایف آئی آر میں یاسر شاہ پر بھی سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
متاثرہ لڑکی کی خالہ کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق یکم جون 2021 کو یاسر شاہ کی دعوت پر بھانجی فرح کے ساتھ لاہور گئی،کرکٹر کے دوست فرحان نے موبائل نمبرلیکر دوستی بڑھائی، 14 اگست کو میری بھانجی ٹیوشن سے واپس آرہی تھی تو فرحان نے اسے راستے سے ٹیکسی میں بٹھایا،فرحان اسے نجی فلیٹ لےگیا اور گن پوائنٹ پر زیادتی کی اور ویڈیوبنالی۔
متن کے مطابق فرحان نے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو ویڈیو وائرل کردے گا، فرحان نے یاسر شاہ سے بھی دھمکی دلوائی، کرکٹر نے دھمکی دی کہ وہ بڑے کھلاڑی ہیں ،کسی بھی مقدمہ میں پھنسادے گا۔
فرح کے مطابق فرحان نے اسے بلیک میل کر کے نجی کیفے میں لیجا کر دوبارہ زیادتی کا نشانہ بنایا،یاسر شاہ سے واٹس ایپ پر بات کی تو اس نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز میں ہے آپ فرحان سے فرح کی شادی کروا دیں ہم دونوں کا کام چلتا رہے گا ۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مدعیہ مقدمہ نے کرکٹر یاسر شاہ کے خلاف بھی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا ہے، مدعیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پراسس کروایا گیا ہے، میڈیکل رپورٹ اور حالات و واقعات کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے مقدمہ کو حقائق کی بنیادوں پر یکسو کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مقدمہ درج کروانا مدعی کا حق جبکہ میرٹ پر تفتیش کر کے حقائق کو سامنے لانا پولیس کا فرض ہے، زیادتی کے شواہد سامنے آنے پر بلا تفریق قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا،خواتین اور بچوں سے زیادتی پر زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔