کراچی:(دنیا نیوز)شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں عدالت سے واپس جانے والے افراد پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ،جاں بحق شخص کی شناخت خدا دوست عرف حیدر کے نام سے ہوئی ،واقعہ میں عمر زادہ نامی شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس حکام نے کہا کہ جائے واقعہ پر سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں، لیکن تلاش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ جاں بحق شخص ایم این اے آغا رفیع اللہ کا قریبی ساتھی تھا جبکہ پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے مقامی عہدیداداران، کارکنان اور سعید غنی جناح ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔
زخمی ہونے والے عمر زادہ نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ہم عدالت سے گھر واپس جارہے تھے کہ قائد آباد پل پر چڑھے تو ایک گاڑی نے بریک لگا کر سائیڈ دبائی ،دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،ملزمان فائرنگ کے بعد قائد آباد کی طرف فرار ہوگئے، مجھے دونوں پیروں پر گولیاں لگیں، مجھے افسوس ہے خدا دوست کی جگہ میں مر جاتا ۔
صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا جاں بحق شخص پیپلز پارٹی کا ورکر تھا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حیدر سواتی ہماری جماعت کے کارکن تھے ۔