کنٹینر پر بجلی کا بل جلانے والے ہر ماہ صارفین سے اربوں لوٹ رہے ہیں: شیری رحمان

Published On 14 January,2022 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ خود کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی کا بل جلانے والے ہر ماہ صارفین سے اربوں روپے لوٹ رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‏بجلی کی قیمت میں 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ کا اضافہ قابل مذمت ہے، یہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی نہیں نا اہلی ایڈجسٹمنٹ کی وصولیاں کر رہے ہیں، اضافے سے صارفین پر 35 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ‏دوسری طرف پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بنا کر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا جائے گا، عوام کو ریلیف دینے کے لئے اس حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں، اب عوام کو ریلیف تب ملے گا جب نااہل سرکار گھر جائے گی۔
 

Advertisement