اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں عمران خان کے وکیل کی دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ولید اقبال ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نوٹس نہیں ملا، میڈیا سے پتہ چلا، کل رات ہی وکیل مقرر ہوا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کو دلائل کے لیے کتنی مہلت چاہئے ؟ اس پر وکیل ولید اقبال نے کہا کہ مجھے ایک ہفتے کا وقت دے دیں۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل ولید اقبال کی جانب سے دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کے حکم امتناع میں 20 جنوری تک توسیع کر دی۔
خیال رہے خواجہ آصف نے ہرجانہ کیس میں عمران خان اور گواہوں کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر چیلنج کر رکھا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر خواجہ آصف کا جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال سے متعلق بیان پر 15 نومبر 2012 کو خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔