اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے پاس سوائے تقریروں کے کچھ نہیں، سانحہ مری کے دوران انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی، آئی ایم ایف پاکستان میں سخت ترین شرائط نافذ کر رہا ہے، اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہے، وزیراعظم خوشحالی کی جانب جا رہے ہیں، عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، حکومت اپنی نالائقی اور نااہلی پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے، قائداعظم نے ہمیں انگریز سے آزادی دلائی، عمران نیازی ہمیں انگریز کا غلام بنانے جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج قوم خاموش رہی تو اس کی سزا آنیوالے سالوں میں غلامی کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی، قائداعظم نے اسٹیٹ بینک کو مالیاتی خود مختاری کی علامت قرار دیا تھا، آئی ایم ایف کا وائسرائے کراچی میں بٹھانے کی تیاری ہو رہی ہے، پاکستان کیساتھ جو تباہی ہونے جا رہی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے، حکومتی نااہلی سے آئی ایم ایف کو پاکستان پر سخت ترین شرائط لاگو کرنے کا موقع ملا، بیرونی سرمایہ کار پاکستان سے مزید پیچھے ہٹ جائیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کر رہے ہیں، دنیا کوویڈ 19 کا مقابلہ کر رہی ہے، پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹس میں ہے، بھارت اور بنگلہ دیشن میں افراط زر سنگل ڈیجیٹ میں ہے، پاکستان میں مس گورننس کا روز نیا واقعہ ہوتا ہے۔