اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹیز کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کی درخواست خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
آصف زرداری کے خلاف نیویارک پراپرٹیز کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ عدالت آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور کرے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے، درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آصف زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نیو یارک اپارٹمنٹس کیس میں آصف زرداری کو گرفتار نہیں کرسکے گا، گرفتاری کیلئے نیب کو احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔