آصف زرداری کو جیل میں ہونا چاہیے: شفقت محمود ، پرویز الٰہی سے ملاقات

Published On 28 December,2021 04:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو جیل میں ہونا چاہئے وہ کیا حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

پرویز الٰہی سے پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر شفقت محمود نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، حکومتی اتحاد اور موجودہ لوکل گورنمنٹ بل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور ،پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کا صدر بننے پر شفقت محمود کو مبارکباد دی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف واپس آئیں دیکھیں گے کس کی ٹانگیں کانپیں گی۔اپوزیشن مائنس ون کی گذشتہ ساڑھے تین سال سے باتیں کر رہی ہے۔نواز شریف کے اکاونٹ میں 16 ارب روپے لیکن وہ بے خبر ہیں۔

شفقت محمود نے مزید بتایا کہ تنظیم سازی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں مشاورت ہو رہی ہے پارٹی کے چیئرمین ہی فیصلہ کریں گے، ہم پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کی تیاری کررہے ہیں،مسلم لیگ ق ہماری اتحادی جماعت ہے ان سے بات چیت کے لئے پنجاب اسمبلی آیا ہوں ، پرویز الہیٰ کو منانے کی کوئی بات نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں۔ پرویز الہی کے ساتھ بہت اچھی ملاقات رہی ہے،

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ ایک پیچ پر ہیں۔ پرویز الہی کا سیاست میں وسیع تجربہ ہے ان کی مشاورت بلدیاتی الیکشن لڑیں گئے،اتحادیوں کے ساتھ مل کر مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے، اپوزیشن کی لوکل گورنمنٹ اسٹینڈنگ کمیٹی میں شمولیت خوش آئند ہے۔

پرویز الہی نے کہا کہ اتفاق رائے سے لوکل گورنمنٹ بل پاس ہو گا تو اس کا مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ لوکل گورنمنٹ بل پر اسمبلی کی لارجر کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر تمام پارلیمانی پارٹیز شامل ہیں۔
 

Advertisement