نوابشاہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری طارق مسعود آرائیں کے ظہرانے میں سابق صدر، اور رکن قومی اسمبلی سمیت رکن صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے شرکت کی۔
آصف علی زرداری نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اسمبلی میں پہلے دن ہی کہہ دیا تھا یہ حکومت نہیں چلے گی، فارمولا بنا بنا کر ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں، جب بھی ملک پر مشکلات آئی پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا، سپر پاور نے کہا تم سپر پاور ہو لیکن میں نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل سے ہم واقف ہیں، ملک کے تمام مسائل پیپلز پارٹی ہی حاصل کر سکتی ہے، ڈالر 180 کا ہوگیا ہے، جتنے ہمارے قرضے تھے اس حکومت میں ڈبل ہوگئے ہیں، ملک پر باہر کے لوگ مسلط کیے گئے ہیں، پہلے دن ہی کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے، زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، اللہ قبر تک ایمان دے، میں جیل گیا تھا تو بتا کر جیل گیا تھا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دورہ حکومت میں روزگار دیا، اس حکومت میں لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، پندرہ سال آگے اور پندرہ سال پیچھے دیکھیں تو فرق نظر آجائے گا، ملک چلانے اور سنبھالنے کے لئے ایک سوچ ہوتی ہے،بی بی شہید پر کیس بنایا گیا کہ تم نے نوکریاں دیں، محترمہ شہید نے کہا میں روزگار دیتی رہونگی تو آپ لوگ کیس بناتے رہنا۔