ٹنڈوالہیار: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کرنے جا رہا ہوں، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کریں گے۔
ٹنڈوالہیار میں سابق صدر نے رہنماؤں و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانے کو آگے لے کر چلنا ہے، عوام نے بھی وہ کام نہیں سوچیں ہونگے جو پی پی نے پہلے سوچے اور پھر کرکے بھی دکھائے۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ عہد اور وعدہ ضرور کرتا ہوں کہ غریبوں کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑونگا۔ ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑا رہونگا۔ انشاء الله آئندہ نسل بلاول اور آصفہ کی قیادت میں عوامی علاقوں میں کام کرتی رہے گی۔
پی پی شریک چیئر مین کا کہنا تھا کہ تھوڑا بہت ہمارا اور وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے۔ سیاست میں مسئلے ہوتے رہتے ہیں۔ پورے پاکستان اور لاہور جارہا ہوں۔ جہاں خیمے گاڑ کر بیٹھوں گا اور ان کا مقابلہ کرونگا۔ جب تک ان کا وہاں مقابلہ نہیں کریں گے تو یہ رکیں گے نہیں۔ یہ آپس میں نانی کا کنبہ بنا کر بیٹھے ہیں جو کبھی کسی روپ میں تو کبھی کسی روپ میں۔ انشاء الله آئندہ ان کا مقابلہ کریں گے اور عوام کی ان کے ساتھ جنگ ہوگی جس میں فتح عوام کی ہوگی۔