لاڑکانہ: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہیں، ہم امیر ملک ہیں۔ہم ہمیشہ دعا کرتے ہیں اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے کرتے اٹھا۔
گڑھی خدا بخش ميں بے نظیر بھٹو کی برسی پر جلسے سے کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ ہم امیر ملک ہیں، ہم ہمیشہ دعا کرتے ہیں اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے کرتے اٹھا۔ یہاں وقت کی کمی رہتی ہے سوچ کی کمی رہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گڑھی خدا بخش میں کارکنوں کودیکھ کربہت خوشی ہوتی ہے، خدمت ہمارا منشورہے، بی بی سے کیا جانے والا وعدہ آہستہ آہستہ پورا کررہا ہوں، وقت آنے والا ہے پیپلزپارٹی کی حکومت دوبارہ آئے گی، بلاول سب غریبوں کی تقدیربدلے گا۔ عوام کا یہ نصیب نہیں کہ عوام ہمیشہ غریب رہیں، ان کوعقل نہیں پاکستان بہت امیرملک ہے، ان کی سوچ ایسی نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی نے بھٹوسے لیکرہمیشہ عوام کی خدمت کی۔
ڈیل کی باتیں ہورہی ہیں، ہمیں ضرورت نہیں: بلاول کا حکومت کیخلاف تحریک کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 سال گزر گئےعوام آج بھی شہید بی بی کو یاد کرتے ہیں، شہیدبی بی آپ کاپیاراپاکستان مشکل میں ہے۔ شہیدبی بی!آپ کےپاکستان میں نام کی جمہوریت ہے۔ شہیدبی بی! آج آپ کے پاکستان میں بولنے کی آزادی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ڈیل ڈیل کی باتیں ٹی وی پر سنی ہوں گی۔ تجزیہ کاروں اور کالم نگاروں سے یہ باتیں سنی ہوں گی، یاد رکھیں یہ وہی شکلیں ہیں، وہی قلم ہیں جو شہید بی بی بینظیر پر ڈیل کا الزام لگا رہے تھے۔ 5 جنوری کو حکومت کے خاتمے کی بنیاد لاہور میں رکھیں گے۔ یہاں کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس الیکشن کرائے گئے۔ یہاں کبھی کسی چودھری کو استعمال گیا تو کبھی کسی نثار کو استعمال کیا جاتا رہا اور جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہا ہے۔ آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں۔ سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں۔
حکومت کیخلاف احتجاج کے سلسلے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کرجدوجہد کرنی ہے، ملک کے کونے، کونے تک پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے، جن گھروں پر پیپلزپارٹی کے پرچم تھے وہاں دوبارہ پرچم کولہرانا ہے۔ آپ اٹھیں، ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل شہدا کی قبروں اورعوام سے ہے، وعدہ ہے ہم گاؤں، گاؤں، شہر، شہر پہنچنے والے ہیں، تمام صوبائی عہدیدارتیاری پکڑیں میں آرہا ہوں، گلگت بلتستان، کشمیر، راجہ پرویزاشرف، قمر زمان کائرہ تیاری پکڑیں، پنجاب بھی پہنچنے والے ہیں، ملک کے ہرکونے تک پہنچیں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ جہاں میں نہیں پہنچ سکتا وہاں آصف زرداری، فریال تالپور، آصفہ بی بی پہنچیں گے، کٹھ پتلی کے خلاف جنگ کرنے کے اعلان کا وقت آچکا ہے، پانچ جنوری کولاہورمیں اپنا بیس بنائیں گے۔ ان کوضمنی، سینیٹ الیکشن، لوکل گورنمنٹ کو گھرسے شکست ہوئی، ان کے جانے میں دیرنہیں جیالے تیاری پکڑیں، اگلا الیکشن اوروزیراعظم، وزرائے اعلیٰ بھی آپ کے ہوں گے۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، کبھی کوئی آر او، کبھی آر ٹی ایس الیکشن ہوتا ہے،عوام سے جمہوریت کو چھینا گیا،آج پاکستان کےعوام کٹھ پتلی، سلیکٹڈراج بھگت رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کابوجھ عوام اٹھارہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے ریاست کی رٹ کو قائم کیا تھا، فوجی سپاہیوں، پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کو شکست دی تھی، پاکستان کے بہادر عوام، بہادر فوج، بہادر پولیس نے درندوں کو شکست دی، آج اے پی ایس شہدا کے خون کا سودا کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے سامنے صدر، وزیراعظم جھک چکے ہیں اورڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیئے، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے بلوچستان میں گوادر پورٹ بن رہا ہے، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے تھر جیسے ریگستان میں میگا پراجیکٹ شروع کررہے ہیں، پنجاب میں اگر میٹرو بس بنی ہے تو این ایف سی ایوارڈ،اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے بنی۔ پیپلزپارٹی حکومت جانے کے بعد این ایف سی، اٹھارویں ترمیم پرعمل نہیں کیا جا رہا، موجودہ حکومت صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے، ہم ان کوخودمختاری چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ عوام آج سراپا احتجاج ہے، مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، خان صاحب کی کٹھ پتلی حکومت جمہوریت، صوبائی خود مختاری پر یقین نہیں رکھتی۔ پیپلزپارٹی نے جب اقتدارسنبھالا تو دنیا بھرمیں معاشی بحران تھا، پیپلزپارٹی کی حکومت نے بحران کے باوجود تنخواہ، پنشن میں اضافہ کیا، انقلابی سی پیک جیسا منصوبہ شروع کیا، ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی ہم شروع کررہے تھے، پیپلزپارٹی حکومت نے کسان کواصل قیمت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگرمعیشت نالائق چلاتا رہے تو پھرمعاشی مشکلات میں اضافہ ہوتا رہے گا، یہ ووٹ پرڈاکہ ڈال چکے، اب پیٹ پرڈاکہ ڈال رہے ہیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے، جیالے، عوام گڑھی خدابخش کی طرف دیکھ رہے ہیں، عوام دیکھ رہے ہیں کون آکرشہید بھٹوکے خواب کومکمل کرے گا، ہم پاکستان کے عوام کی بے بسی، پریشانی نہیں دیکھ سکتے، بی بی شہید کے جیالے ہی اس ملک کو بچا سکتے ہیں، جیالے تیاری پکڑیں اپنے بل بوتے پرکٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، اگرکوئی کٹھ پتلی کواٹھا کرباہرپھینک سکتی ہے توپیپلزپارٹی ہے۔