عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی ن لیگ کی تاریخ سب کے سامنے ہے: وزیراعظم

Published On 20 January,2022 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو معاشی ترقی کی گروتھ سے متعلق بتایا گیا۔بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے کا کہ کورونا وائرس کے باوجود معاشی ترقی کا 5.37 فیصد تک جانا بڑی کامیابی ہے۔

اجلاس کے دوران اکانومسٹ اور بلوم برگ کی تازہ رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز کو دباؤ میں لا کر من پسند فیصلے لینے کی کوشش ماضی میں بھی ہوئی، مسلم لیگ (ن) کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔ ایک مخصوص مافیا عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش میں ہے، یہ سب مل کر عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مریم نواز کی پیشی سے پہلے کچھ لوگوں کو الہام ہونے لگتا ہے، مافیا اپنے بچاؤ کیلئے یا رشوت دے گا یا بلیک میل کرے گا، بلیک میلنگ سے جو یہ چاہتے ہیں وہ انہیں کسی صورت نہیں ملے گا، میری حکومت کی معاشی گروتھ ن لیگ کی طرح دکھاوا نہیں، ملکی ایکسپورٹ بڑھ گئی، خسارے ختم ہو رہے ہیں، ملکی ریزرو بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹو سیکٹر خوشحال ہو رہا ہے، 4 فصلوں کی بمپر کراپ ہوچکی، کسان حکومتی اقدامات سے مطمئن ہے، اس وقت ملک کے سارے معاشی اعشاریہ گروتھ میں ہیں، لارج سکیل مینوفیکچرنگ بہترین گروتھ دکھا رہی ہے، جو مسلم لیگ ن 5 سالوں میں نہیں کر سکی وہ ہم نے 3 سال میں کر دیا۔
 

Advertisement