ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت نا صرف اپنی ٹرم پوری کرے گی بلکہ اگلے انتخابات میں سرپرائز دے گی، حکومت بلدیاتی انتخابات کے حق میں ہے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا پورا احساس ہے، غافل نہیں، معاشی استحکام کیلئے اقدامات کیے گئے، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہپ اکستان نے اپنی حکمت عملی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، دشمنوں کےعزائم خاک میں مل جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے مارچ کا اعلان کیا، پی ٹی آئی کراچی کی طرف مارچ کریگی، جنوبی پنجاب صوبے کیلئے شہباز شریف اور بلاول کو خط لکھے، عوام کا دیرینہ صوبے کا مطالبہ پورا کرنا چاہتے ہیں، ماضی میں جنوبی پنجاب کا بجٹ دیگر علاقوں پر لگا دیا جاتا تھا، پنجاب اسمبلی نے رواں سال جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے فنڈز منظور کیے، پنجاب کی ملازمتوں کا 32 فیصد کوٹہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص کیا گیا، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، آئینی ترمیم کا کریڈٹ اپوزیشن کو دینے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ صدارتی نظام سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، سندھ کی تمام جماعتوں نے بلدیاتی قانون کو مسترد کر دیا ہے۔