اوکاڑہ:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین کے جہاز کی لینڈنگ کس طرف ہو گی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دھند کا موسم ہے،جہاز کے بجائے گاڑی کا سفر زیادہ محفوظ ہے، پارٹی میں جمہوریت ہے ، سب کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے اور پرویز خٹک نے آزادی رائے سے بات کی۔
اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مہنگائی کم کرنے کے لیے بھر پور کوشش کر رہے ہیں، 27 فروری کو بلاول اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور ہم گھوٹکی سے کراچی کی طرف مارچ کریں گے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے بلدیاتی ایکٹ دیا اس کے خلاف پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں کراچی کی طرف مارچ کریں گی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہمارا مقابلہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے نہیں ہے بلکہ مہنگائی سے ہے۔
قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا تھا کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے توہین عدالت کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی۔
قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدلیہ آزادنہیں ہوگی توجمہوریت کا تحفظ نہیں ہوسکتا، تنقید برائے تنقید سے ملک میں مایوسی پھیلتی ہے، سال 2018 میں جب حکومت سنبھالی تومعیشت کی حالت بری تھی، اب معاشی صورتحال بہترہورہی ہےجس کےاثرات نظرآرہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 100جتن کرلےہمیں ذرابھی گھبراہٹ نہیں ،خوب جانتاہوں ان کی صفوں میں کھلبلی کیوں ہے۔5فیصد گروتھ کی بات آتی ہےتواپوزیشن کوسانپ سونگھ جاتاہے، کوروناکےباوجودمعیشت 5.3فیصدکی شرح سےترقی کررہی ہے، اکانومسٹ اوربلوم برگ جیسےادارے ملکی معیشت کی بہتری کااعتراف کررہےہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خارجہ پالیسی کی ڈائریکشن تبدیل ہورہی ہے۔ ہماراچیلنج اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے۔شہبازشریف کےخدمت میں ایک خط لکھاہے،دوسرا خط بلاول صاحب کےنام بھیجا ہے۔ یوریاکھادکےذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔