اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پوری سیاسی جدوجہد ہی قانون کی حکمرانی کے لیے تھی۔ ہم انصاف پر یقین رکھتے ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت گرانا کسی کا مقصد ہے تو شوق پورا کر لے۔ ہم کسی کی بلیک میلنگ میں آکر اپنے منشور سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اقتدار بچانے کی خاطر کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بریفنگ میں کہا کہ صوبائی حکومت کسی رکن اسمبلی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنائے گی۔ ہم اپنے ارکان اسمبلی کے تمام جائز تحفظات دور کریں گے۔ ایف آئی اے اور دیگر ادارے مختلف کیسز پر آزادی سے اپنا کام کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کسی تحقیقاتی ادارے پر اثر انداز نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کی ٹویٹ کی شدید مذمت کی گئی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ ٹویٹ کے ذمہ دار مجرم کو نوکری سے نکالا جائے۔ ایسا ادارہ جس پر سوال اٹھتے رہے ہیں، اسے محتاط ہونا چاہیے تھا۔ ملوث عناصر کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔