عمران خان انصاف کریں گے، پیپلزپارٹی اور نون لیگ سے کوئی رابطہ نہیں: جہانگیر ترین

Published On 03 May,2021 03:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان انصاف کریں گے، تفتیش سےنہیں ڈرتے، کبھی نہیں کہا کیس ختم کر دیں، پیپلزپارٹی اور نون لیگ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

منی لانڈرنگ کے مقدمے میں عدالت پیشی کے بعد جہانگیر ترین کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تفتیش سےنہیں ڈرتا،انصاف ہوناچاہیے۔ میراکیس کریمنل نہیں، نہ ہی اس میں ایف آئی اے کا کوئی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے میرے دوستوں کی ملاقات ہوئی تھی، سب کومعلوم ہے جو کیسز ہو رہے ہیں اس کی بنیاد کچھ اور ہے، اپنی پارٹی میں بہت سے لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت ہمارا کسی کے ساتھ رابطہ نہیں، شاہ محمود قریشی کے بیان پر کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

قبل ازیں منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر لاہور کی سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جہانگیر ترین اور علی ترین نے حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی تفتیش جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی درخواست ضمانت میں 19 مئی تک توسیع کردی۔


 

Advertisement