لاہور: (دنیا نیوز) جہانگیرترین کیس میں عدالت میں پیشی سے قبل ہم خیال ارکان پارلیمنٹ نے باہمی مشاورت کی جس میں عید تک خاموشی اور بعد ازاں صورتحال کے تناظر میں لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیراعظم کے نامزد کردہ سینیٹر علی ظفر ایڈووکیٹ کی تحقیقات کا انتظار کیا جائے گا، مشاورتی بیٹھک میں تجویزرکھی گئی کہ عید کے بعد ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان پارلیمنٹ سے دوبارہ مشاورت کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید چار ارکان قومی اسمبلی کا جہانگیرترین سے رابطہ بھی ہوا ہے، آئندہ چند روز میں جہانگیرترین سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کریں گے۔
دوسری جانب علی ظفر ایڈووکیٹ نے ترین گروپ کے وکلا اور اکاوٹنٹ سے ملاقات کر کے کیس کے بارے جہانگیرترین کی ٹیم کا موقف سن لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ظفر ایڈوکیٹ ایف آئی اے اور پراسیکیوشن کی ٹیم سے بھی ملاقات کا ایک دور کرچکے ہیں، اب تک علی ظفر ایڈوکیٹ نے چار میٹنگز کی ہیں، سینٹر علی ظفر ایڈووکیٹ کے مطابق وہ مئی کے آخر تک وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کردیں گے۔