وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عون چودھری مستعفی

Published On 06 August,2021 02:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عون چودھری مستعفی ہوگئے۔ عون چودھری پر اراکین اسمبلی کو ترین گروپ میں لانے کیلئے لابنگ کا الزام ہے۔

 عون چودھری ترین گروپ کی سرگرمیوں میں پیش پیش تھے۔ عون چودھری ترین گروپ کے سرگرم رہنما ہیں۔ عون چودھری نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں استعفیٰ پیش کیا۔ عون چودھری سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم کے اجلاس میں ہوا، وزیراعظم نے گزشتہ روز عثمان بزدار کو استعفیٰ لینے کی ہدایت کی تھی۔

 عون چودھری نے کہا ہے کہ استعفیٰ دیتا ہوں لیکن ترین گروپ کو نہیں چھوڑ سکتا، مجھے سیاسی خدمات کا یہ صلہ دیا گیا، ترین گروپ سے علیحدگی سے انکار پر مستعفی ہونے کا کہا گیا، وزیراعلیٰ آفس بلا کر ترین گروپ سے علیحدہ ہونے کا کہا گیا۔

 عون چودھری کے استعفے پر ترین گروپ کے راجہ ریاض نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سے بھی استعفے طلب کیے گئے تو تیار ہیں، عون چودھری کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، استعفے دے دیں گے لیکن جہانگیر ترین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، آئندہ چند روز میں مشترکہ فیصلہ کریں گے، دباؤ ڈال کر استعفے لینے سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Advertisement