لاہور: (دنیا نیوز) ترین گروپ کے معاملات بارے پنجاب حکومت کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی۔ ترین گروپ میں توڑ پھوڑ کے لئے پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان متحرک ہوگئے۔ سردار خرم لغاری نے فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کرلی، جلد وزیراعلیٰ سے ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کو ترین گروپ کے حوالے سے اہم ٹاسک مل گیا ہے جس کے بعد فیاض چوہان کے ترین گروپ کے ارکان سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے ترین گروپ کے اہم رہنماؤں عبدالحئی دستی اور سردار خرم لغاری سے رابطہ کیا ہے۔ وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترین گروپ سے رابطے کر رہے ہیں۔ ترین گروپ کے ارکان کو رابطوں کے ذریعے پارٹی ڈسپلن کا پابند بنایا جائے گا۔ ان ارکان کے علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترجمان پنجاب حکومت دیگر ارکان سے بھی مرحلہ وار رابطہ کریں گے۔ آج ترین گروپ کے اہم رکن سردار خرم لغاری نے فیاض الحسن چوہان سے جی او آر میں ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ سردار خرم لغاری کی جلد وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کروائی جائے گی۔