اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر حماد اظہر نے احسن اقبال کے مناظرہ چیلنج پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں پارلیمنٹ میں بات سننے کا حوصلہ نہیں، جب ان کے پاس بولنے کیلئے کچھ نہ ہو تو مطالعہ پاکستان کا لیکچر دیتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں احسن اقبال اور حماد اظہر میں جوڑ پڑ گیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت برباد کر دی، ٹی وی پر مناظرہ کر لیں، ہر ناکام وزیر کا لیکچر نہ سنایا جائے، جو گیس نہیں دے سکا وہ اقتصادیات پر تقریر کرتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پرپوچھا کہ حماد اظہر آپ کو ٹی وی چیلنج کیا گیا ہے، کیا آپ جواب دیں گے؟ جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ٹی وی کیا اس ایوان میں ان کو ان کے چیلنج کا جواب دونگا، ان کے پاس معیشت کے حوالے سے بات کرنے کے لئے کوئی بات نہیں تھی اور اسی وجہ سے ہمیں ساتویں جماعت کے مطالعے پاکستان کا لیکچر دے رہے تھے، ملک کو دیوالیہ کیا پھر پانچ اعشاریہ چار فیصد گروتھ ظاہر کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کراچی میں گیس کی قلت پر ایم کیو ایم اراکین کے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں، سب سے زیادہ تیزی سے سندھ میں گیس کم ہورہی ہے، سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد والا صوبہ ہوگا، انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایک سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کوموسم سرما میں دی جاتی تھی، حکم امتناع ختم ہوجائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہوجائے گی۔