اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے نیب کو فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کے خلاف شکایت درج کرا دی۔ وفاقی وزیر قانون اور معاون خصوصی نے ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ سرینا عیسی نے چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو خط لکھا۔ درخواست میں موقف اپنایاگیا کہ وزیر قانون نے خود کو بچانے کیلئے انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کی، شق 216 کے تحت انکم ٹیکس افسران کے علاوہ کوئی ریکارڈ تک رسائی حاصل کرے تو اسے سزا ہوگی، وفاقی وزیر قانون نے ٹیکس ریکارڈ دیکھ کر قانون توڑا، سرینا عیسیٰ نے فروغ نسیم، سابق اٹارنی جنرل انور منصور، شہزاد اکبر اور چیئرمین ایف بی آر کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔
فروغ نسیم اور شہزاد اکبر نے اپنے مشترکہ ردعمل میں کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے اور شہرت داغدار کرنے پر ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا، سرینا عیسی اور ان کے پس پردہ افراد احتساب سے بھاگنا چاہتے ہیں، خط کا مقصد مستقبل میں قانونی کارروائی سے راہ فرار اختیار کرنا ہے، سرینا عیسی اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے بے بنیاد الزامات اور کردار کشی کا سلسلہ اب بند کرنا ہوگا، 31 دسمبر کو بھی سرینا عیسی نے بیوروکریسی کو بے مقصد خط لکھا۔