ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز، این سی او سی کا نئی پابندیوں کا اعلان

Published On 19 January,2022 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر این سی او سی نے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) اسد عمر کی صدارت میں این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا صورتحال اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شرکت کرسکتے ہیں، 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 افراد شرکت کرسکیں گے، 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔

دس فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں بھی محدود کر دی گئیں۔ 12 سال سے کم عمر طلبا 3 دن 50 فیصد حاضری کے ساتھ آئیں گے۔ 12 سال سے زائد عمر کے طلبا کی مکمل حاضری ہوگی جبکہ 12 سال سے زائد عمر کے طلبا کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فیصد افراد کی گنجائش کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی جبکہ سینما، مزارات اور پارکس میں بھی 50 فیصد افراد کی شرط عائد کر دی۔ احتیاطی تدابیرپر 31 جنوری تک عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ جبکہ شادی ہالز سے متعلق احتیاطی تدابیر 15 فروری تک برقرار رکھی جائیں گی۔ این سی اوسی 27 جنوری کو اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لے گا۔  

دوسری جانب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 55 ہزار 499، سندھ میں 5 لاکھ 9 ہزار 308، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 619، بلوچستان میں 33 ہزار 744، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 455، اسلام آباد میں ایک لاکھ 12 ہزار 557 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 811 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 42 لاکھ 97 ہزار 430 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 669 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 65 ہزار 239 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 8 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 91، سندھ میں 7 ہزار 709، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 965، اسلام آباد میں 969، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement