لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر سکولوں کی بندش سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر پرائمری سکولوں کی بندش سے متعلق خبریں ٹویٹر پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگلے حکم تک پاکستان میں تمام پرائمری سکول بند رہیں گے، یہ فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیا گیا، مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
اس ٹویٹر اکاؤنٹ سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو ہیش ٹیگ کیا گیا ہے۔
تاہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پرائمری سکولوں کی بندش سے متعلق ایک جعلی خبر گردش کر رہی ہے، جعلی خبر شیئر کرنے والے ٹویٹر اکاؤنٹ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ کے ذریعے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
A fake news regarding closure of primary schools is circulating via fake twitter account. Action against this account has been initiated through FIA cyber crime wing. pic.twitter.com/qp7tL2PZe8
— NCOC (@OfficialNcoc) January 18, 2022
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا کی صوتحال پر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا مشترکہ اجلاس ہوا تھا، خصوصی اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت نے شرکت کی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے بھی وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
اجلاس میں ویڈیولنک کانفرنس کے ذریعے تمام صوبوں سے وزراء صحت وتعلیم اور دیگرمتعلقہ افسران شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےصوبائی وزرا ئے تعلیم کے اجلاس کی صدارت کی تھی۔
اجلاس میں ملک بھر میں عالمی وبا کی تشویشناک پانچویں لہر کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
صحت اور تعلیم کے حوالے سے بھی تجاویزپیش کی گئیں، جس کے بعد تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں کے حوالے سے فیصلہ مختلف تعلیمی اداروں کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا، تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے بغیر بچے سکول نہیں آ سکتے۔ اسکولوں میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن جاری رہے گی۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہاکہ اسکولوں اورکالج کے 80 فیصد طلبہ کو ویکسینیٹ کر دیا ہے، نہیں چاہتے کہ تعلیمی ادارے بند ہوں کیونکہ پہلے ہی تعلیم کا بہت نقصان ہوچکا ہے۔