بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ختم، تعلیمی اداروں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ

Published On 17 January,2022 12:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کی صوتحال پر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ختم ہو گئی جس میں تعلیمی اداروں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کے بغیر بچے سکول نہیں آ سکتے۔ سکولوں میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن جاری رہے گی۔  دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں بھی سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس  میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت دیگر وزرائے تعلیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں اومی کرون کے بڑھتے پھیلائو پر مشاورت اور ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

این سی او سی اجلاس کے دوران ملک میں مارکیٹیوں ، شادی ہالز اور رش والی جگہوں پر ایس او پیز کے عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے پر غور کیا گیا جس کیلئے تازہ ترین ڈیٹا کے ساتھ کل اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

دوسری طرف  کورونا کی پانچویں لہر کے سبب مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، کراچی میں کیسز کی شرح تیس اعشاریہ آٹھ تین فیصد ، حیدر آباد میں دس فیصد اور لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 13.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

کورونا پھر آؤٹ آف کنٹرول ہو گیا، این سی او سی کے مطابق مزید سات افراد کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 29ہزار 19ہو گئی، اعدادوشمار کے مطابق چار ہزار 340نئے کیسز سامنے آئے، ایکٹو کیسز کی تعداد 35ہزار 884 تک پہنچ گئی، ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ سات ایک ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں شرح 30.83 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ گئی، لاہور میں 13.05 فیصد، حیدرآباد میں 10.68 فیصد اور اسلام آباد میں شرح 10.75 فیصد ہو گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کیسز بڑھنے لگے، چھ کیس سامنے آنے پر ماڈل کالج فور گرلز ایف 6 ٹو اور جی 6 ون کو بند کردیا گیا،محکمہ صحت کی سفارش پر کالجز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

ملک بھر میں اب تک 13لاکھ 32ہزار 487افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 12 لاکھ 63 ہزار 584 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

Advertisement