اسلام آباد: (دنیا نیوز) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس کے حوالے سے وزارت تعلیم نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے جس میں کورونا کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اجلاس میں نصابی کتب کے لئے این او سی کی بروقت فراہمی کا معاملہ زیر غور آئے گا جبکہ اجلاس میں نصابی کتب کی بروقت دستیابی اور ترسیل سے متعلق بھی مشاورت ہوگی۔
واضح رہے اس سے قبل تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق وزیرتعلیم شفقت محمود کا انتہائی اہم بیان سامنے آیا تھا جس میں وزیرتعلیم شفقت محمود نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وباء کے دوران ہم نے سارے فیصلے بین الصوبائی تعلیمی وزراء کی کانفرنس کے تحت کیے ہیں اور اب بھی ہم مل کر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کی صورت حال مختلف ہے ، لیکن اگر حالات زیادہ خراب نہ ہوں تو ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں لیکن اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہمیں تعلیمی ادارے بند کرنے پڑیں گے۔