کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں سوشل میڈیا پر تعلیمی ادارے بند ہونے اور کورونا پابندیوں سے متعلق وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی قرار دیدیا گیا۔
ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیوں کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹی فکیشن جعلی ہے۔
دوسری طرف صوبائی وزیر سیّد ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام اداروں کی بندش کی افواہوں پر کان نہ دھریں، تعلیمی ادارے، شادی ہالز اور دیگر اداروں کی بندش کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں، اداروں کی بندش کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، کورونا کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، سندھ کے تمام ہسپتال اور طبی سہولتوں کے مراکز الرٹ ہیں، سندھ حکومت، ماہرین طب سے ہمیں وقت رابطے اور مشاورت میں رہتی ہے، غیر معمولی صورتحال میں، سندھ حکومت عوام کو پیشگی آگاہی فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ 7 جنوری کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے جعلی نوٹیفکیشن میں تمام تعلیمی اداروں کو 31 جنوری تک بند کرنے جب کہ سینما گھروں، شادی ہالز سمیت دیگر تقریبات پر بھی 3 ہفتوں تک پابندی کا ذکر کیا گیا تھا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی متعدد مواقع پر حکومت اور تعلیمی اداروں کے نام پر بے شمار جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے، جنہیں بیشتر عوام اصل سمجھی تھی۔
The attached notification is Fake and no such instructions have been issued by Government of Pakistan. pic.twitter.com/KY5vvWHaP9
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 6, 2019
اس سے قبل حکومت پاکستان کے نام سے ملک بھر میں 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک چھ تعطیلات کا جعلی نوٹیفکیشن بھی وائرل ہوا تھا۔