لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی بل کی جلد منظوری کا ٹاسک دے دیا جس کے لئے صوبائی حکومت نے فوری لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلدیاتی بل کی جلد منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فوری لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مشاورت کے لئے قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کا اجلاس بھی منگل کے روز بلالیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے پہلے وزیراعلیٰ اور راجہ بشارت لائحہ عمل طے کریں گے، پیر کے روز عثمان بزدار اور راجہ بشارت کی ملاقات کا امکان ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیر قانون اسمبلی میں بل کی منظوری کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔
منگل کو پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کا اجلاس ہوگا ، قائمہ کمیٹی سے بل منظور ہوتے ہی پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا ، ایوان سے ترجیحی طورپر لوکل باڈیز بل پاس کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے جمعہ کے روز دورہ لاہور میں پنجاب حکومت کو بل جلد منظور کروانے کی ہدایت کی تھی۔