مری:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت میں کرپشن کا بازار گرم، کوئی بھی کام پیسوں کے بغیر نہیں ہوتا، نا اہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے، سانحہ مری کے حقائق چھپانے کیلئے جلد بازی میں فیصلے جاری ہیں اور چند افراد کی غفلت کی سزا ملکہ کوہسار کے باسیوں کو دی جارہی ہے۔
مری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتی ناہلی کا خمیازہ مری کے عوام بھگت رہے ہیں، 3 سال میں مری کے 6 افسران تبدیل ہوئے ، پنجاب میں بیوروکریسی کی تبدیلیاں پیسوں سے کی جاتیں ہیں ، حکومت پنجاب میں کرپشن کا طوفان ہے ، کوئی کام پیسوں کے بغیر نہیں ہوتا ، مری کو بند کرنا سرا سر زیادتی ہے اور مری میں کرفیو کا سماں جان بوجھ کر پیدا کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مری میں پابندی لگا کر تشہر کی گئی اور سیاحوں میں خوف پیدا کیا گیا، چند افراد کی سزا اہلیان مری کو دی جا رہی ہے، مری کے لوگوں نے ہی برف باری میں ریسکیو آپریشن کیا، اصل حقائق اور چند افراد کی کرپشن چھپانے کے لیے تمام فیصلے جلد بازی میں کئے جا رہے ہیں ،حکومت پہلے مری کو تحصیل کی سہولیات تو ضلعی کی بات بعد میں کرے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 8 ہزار گاڑیوں کی گرہ لگانا حکومتی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مری کو مکمل طور پر کھولا جائے ، حکومت خود اس کے کھلنے کی تشہیر کرے کیونکہ یہ بین الاقوامی سیاحتی ہل سٹیشن ہے ۔