سانحہ مری: عدالت نے ملکہ کوہسار میں غیر قانونی تعمیرات پر پابندی عائد کردی

Published On 02 November,2022 05:36 pm

راولپنڈی: ( دنیا نیوز ) سانحہ مری کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ملکہ کوہسار میں غیر قانونی تعمیرات پر پابندی عائد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سانحہ مری کا محفوظ فیصلہ سُنا دیا، فیصلہ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سنایا۔

فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ سانحہ مری میں جن لوگوں کی شہادتیں ہوئیں انکا معاوضہ بڑھایا جائے، مری میں سیوریج اور پانی، ویسٹ مینجمنٹ کا نظام بہتر بنایا جائے۔

عدالت نے مری میں درختوں کی کٹائی پر بھی پابندی لگا دی اور حکم دیا کہ پارکنگ سلاٹس مری سے باہر بنائے جائیں تاکہ شہر میں رش نہ ہو، محکمہ ہائے وے، محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 سانحہ مری کے ذمہ داران کیخلاف انکوائری کرے، ضلعی انتظامیہ تجاوزات کو ختم کرے، مری میں ہوٹلوں اور رہائشی فلیٹس کو ریگولیٹ کیا جائے۔

خیال رہے کہ عدالت نے سانحہ مری کا فیصلہ 24 سماعتوں کے بعد 7 مئی کو محفوظ کیا تھا۔