مری:(دنیا نیوز) ایک ساتھ تین چھٹیاں، سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا، مری اور گلیات میں ہزاروں گاڑیوں کی آمد، جگہ جگہ ٹریفک جام ہونے سے لمبی قطاریں لگ گئیں، مقامی افراد کو بھی مشکلات کا سامنا، انتظامیہ نے بغیر بکنگ آنیوالوں کا داخلہ بند کردیا جبکہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔
ٹریفک جام کی وجہ سے گھڑیال روڈ، ایوبیہ روڈ، مال روڈ اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس اپنی نااہلی چھپانے کے لئے سیاحوں کے مری داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
چھٹیوں کے باعث مری میں سیاحوں کی آمد سے ٹریفک جام ہو گئی، گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں اور راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس غائب ہوگئی۔
مری ہوٹل بکنگ کے بغیر آنے والے سیاحوں کو 17 میل ٹول پلازہ سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مری میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او راولپنڈی کو ہدایات دیں اور کہا کہ مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
چودھری پرویز الہٰی نے سی ٹی او راولپنڈی کو فی الفور مری پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور ٹریفک حکام ملکر موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، سینئر پولیس و انتظامی افسران خود فیلڈ میں رہ کر ٹریفک انتظامات کو بہتر بنائیں، تعین کردہ حد سے زائد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی قطعاً اجاز ت نہ دی جائے، سیاحوں کی آمد ورفت کو موثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے ریگولیٹ کیا جائے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے۔