پنجاب حکومت کو راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

Published On 31 January,2022 01:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ سے پنجاب حکومت کو بڑا ریلیف مل گیا ، عدالت عظمی نے راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت دیدی۔

سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا،حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جن زمینوں کی مالکان کو ادائیگی ہوچکی ان پر کام جاری رکھا جا سکتا ہےتاہم جن زمینوں کے مالکان کو ادائیگی نہیں ہوئی وہاں کام نہیں ہو سکتا، عدالت نے حکومتی اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ۔

فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جائزہ لیں گے کہ فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل بنتی ہے یا نہیں، اگر انٹراکورٹ اپیل بنتی ہوئی تو کیس لاہور ہائی کورٹ بھجوا دینگے۔ وکیل روڈا نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے آرڈیننس کو اجراء کو تفویض کردہ اختیار قرار دیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہائیکورٹ نے امریکی آئین کا حوالہ دیا ہے، امریکی اور پاکستانی حالات اور آئین مختلف ہیں۔ وکیل روڈا نے کہا کہ ہائیکورٹ میں درخواست گزار ہائوسنگ سوسائٹیز تھیں جس پر جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کا تو مفادات کا ٹکرائو واضح ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے راوی ریور منصوبے کو چند روز قبل کالعدم قرار دیا تھا جس پر کیس سپریم کورٹ لے جایا گیا تھا۔


 

 

Advertisement