اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیرداخلہ کل پاکستان آئیں گے، اپوزیشن نے یوم یکجہتی کشمیر پر مزید انتشارکی باتیں کیں، اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن اپنی موت مرنے جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور 72 گھنٹوں میں 20 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشن میں قربانیاں دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا عمران خان کے دورہ چین پر چیخ رہا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کرنے والے فیٹف کے اصل مجرم ہیں۔ بلاول کو میں نے کبھی سلیکٹڈ نہیں کہا، فضل الرحمن کوپی پی اورن لیگ نے مکھی کی طرح نکال باہرکیا، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والے مفادات پر یکجا ہو رہے ہیں، اپوزیشن کی دلچسپی لانگ مارچ میں نہیں بلکہ میڈیامیں زندہ رہنا ہے۔ پہلے یہ استعفی دے رہے تھے اب لانگ مارچ کر رہے ہیں۔