اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے ملک میں صدارتی نظام، ایمرجنسی یا عدم اعتماد کا کوئی امکان نہیں اور نہ ڈیل یا ڈھیل دے رہے ہیں، 7 فروری کوسعودی عرب کے وزیرداخلہ پاکستان آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف بدقسمت آدمی ہیں جو ملک سے بھاگے ہوئے ہیں، جعلی رپورٹ پر بیرون ملک گئےاور جعلی رپورٹ پر ہی لندن میں مقیم ہیں۔ کہا جا رہا ہے نوازشریف کورونا کی وجہ سےعلاج نہیں کرا سکے۔ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، اس کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، یہ کہتے ہیں اسلام آباد کی جانب کورونا کے دوران مارچ کریں، عمران خان کئی بار کہہ چکا یہ اپنا شوق پورا کر لیں۔ 27 فروری اور 23 مارچ کو سب دیکھ لیں گے۔ 23 مارچ کو فلائی پاسٹ ہو گا، عوام وہ دیکھیں گے یا ان کے چہروں پر نظر لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے اہم دورے پر جا رہے ہیں جہاں چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیرداخلہ 7 فروری کو پاکستان آئیں گے، صدرمملکت اور وزیراعظم سےملاقاتیں کریں گے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا رشتہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔