اسلام آباد :(دنیا نیوز) حکومت نے سیاحوں کے مری اور گلیات میں داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے مری داخلے پر پابندی میں توسیع کا اعلان کیا جبکہ گزشتہ روز کا حکومت کی جانب سے توسیع کا وقت آج رات 10 بجے ختم ہوچکا ہے۔
شیخ رشید کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس پابندی کا مری اور ملحقہ علاقے کے رہائشیوں پر اطلاق نہیں ہوگا، پابندی کھولنے کا فیصلہ صورت حال کا جائزہ لے کرکیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ 23 افراد کی موت کے بعد مری میں ویرانی کے ڈیرے، فضا سوگوار ہے۔ سیاحوں کے ملکہ کوہسار آنے پر پابندی برقرار ہے جبکہ مری میں مرکزی شاہراہوں سے برف کو ہٹا دیا گیا، تاہم پھسلن کے باعث پیدل چلنا دشوار ہے۔
مری کی تمام سڑکوں سے برف صاف کر دی گئی۔ کلڈنہ باڑیاں روڈ پر پھنسی گاڑیوں کو بھی مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ برفباری کے دوران سیاح گاڑیاں چھوڑ کر ہوٹلوں اور کیمپوں میں چلے گئے تھے۔ سترہ میل کے مقام پر بدستور پولیس اور دیگر اہلکار تعینات ہیں۔ مقامی لوگوں کے سوا کسی کو بھی مری میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔